انٹرنیٹ سپیڈ کی سست روی اورفائروال انسٹالیشن کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیرتک جواب طلب کرلیا

انٹرنیٹ سپیڈ کی سست روی اورفائروال انسٹالیشن کے خلاف درخواست پرسماعت ،، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیرتک جواب طلب کرلیا ۔۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے انٹرنیٹ سپیڈ کی سست روی اورفائروال انسٹالیشن کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آج کل انٹرنیٹ سست ہو گیا ہے؟ اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈرجاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے؟ کون سی وزارت اس سے متعلقہ ہے، پتہ چلے کہ انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی کی وجہ کیا ہے؟ اس متعلق پی ٹی اے سے پوچھیں یا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے؟ وکیل ایمان مزاری نے کہاکہ پی ٹی اے اس معاملے پر خاموش ہے۔ جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری میں سے کس کو بلائیں؟ وکیل نے موقف اپنایا کہ استدعا ہے کہ متعلقہ وزارتوں کے اعلی عہدیداروں کو طلب کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس کو بلائیں گے جو اس معاملے کا علم رکھتا ہو اورعدالت کوبریف کرسکے۔ عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی ۔۔