زیارات کیلئے عراق جا کر 50 ہزار پاکستانی غائب ہوگئے، وفاقی وزیر مذہبی امور
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے زائرین کے لیے پالیسی کے اجرا کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً 50 ہزار پاکستانی عراق میں جا کر غائب ہو گئے ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطا الرحمان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ 50 ہزار کے قریب پاکستانی عراق میں جا کر غائب ہو گئے ہیں، چند روز پہلے میری عراق کے سفیر سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ زیارات کے لیے عراقی حکومت مفت ویزہ جاری کرتی ہے لیکن ٹوررآپریٹرز زائرین سے ویزے کی فیس بھی 80سے 90ڈالر وصول کرلیتے ہیں۔
ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ عراقی حکومت کہتی ہے کہ زائرین گروپس کی صورت میں ہمارے ملک آئیں، عراق بارڈر پر ان کی اپنی اتھارٹی ہوتی ہے اور ان کا اپنا سالار سسٹم ہے۔
سیکریٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے کمیٹی کو بتایا کہ ایران اور عراق زائرین کے لیے حج ڈائریکٹوریٹ کی طرز پر ڈائریکٹوریٹ بنا رہے ہیں۔