ملک بھر میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی،بلوچستان، کے پی اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان

ملک بھر میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی شمالی علاقوں میں خون جما دینے والی ٹھنڈ برقرار ہے۔ سوات کے علاقے کالام میں طویل خشک سالی کے بعد برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان، بالائی کے پی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ کراچی میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پارہ 4 جنوری کو سنگل ڈیجٹ میں جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو اور گوپس میں ریکارڈ کی گئی جہاں پارہ منفی 9 تک گر گیا ۔ ادھر پنجاب اور زیریں سندھ میں دھند ہے۔موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔