شمالی علاقوں اور بلوچستان میں بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ

ملک کے شمالی علاقوں اور بلوچستان میں موسلادھاربارش اور برفباری سے سردی مزید بڑھ گئی۔

سوات کی وادی کالام، وادی کاغان اور بالاکوٹ کے پہاڑ روئی کے سفید گالوں سے ڈھک گئے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کوئٹہ میں اس وقت سرد ہواؤں کا راج ہے جبکہ کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں خنکی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی بلوچستان، بالائی کے پی اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک اور سرد رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔