اب انفرااسٹرکچر موٹر ویز نہیں براڈ بینڈ انٹرنیٹ ہے،تعلیم کی طاقت کو استعمال کر کے ملکی ترقی میں حصہ ڈالیں،بلاول بھٹو کا آئی بی اے سکھر کے کانووکیشن سے خطاب

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ اب انفرااسٹرکچر موٹر ویز نہیں بلکہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ ہے۔ بلاول بھٹوزرداری نےآئی بی اے سکھر کےکانووکیشن سے خطاب میں کہانوجوانوں کوڈیجیٹل رائٹس بل کےلیے جدوجہد کرنا ہوگی،ٹوٹے پھوٹے نظام میں نوجوانوں کو حق دلوائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مغرب نےصنعتی انقلاب کے نام پر ماحول کو نقصان پہنچایا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ‏وفاقی بجٹ اور پی ایس ڈی پی اٹھا کر دیکھ لیں موسمی تبدیلی جیسے بڑے خطرے سے نمٹنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی ہی نہیں کی گئی ہے اور وہ صرف اس لیئے کیونکہ 70 سال کے بابوں بیٹھ کر بجٹ بناتے ہیں۔اگر ہم سب نے ملکر موسمی تبدیلی کا مقابلہ کرنا ہے تو ہم یہ نہیں دیکھ سکتے کون کراچی سے تعلق رکھتا ہے یا کون نیویارک سے، ہمیں اپنے وسائل اور طاقت کو ملا کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے طالب علموں سے کہا کہ ‏آپ سے سب کچھ چھینا جاسکتا ہے لیکن کوئی بھی آپ سے آپکی تعلیم نہیں چھین سکتا اور یہ تعلیم آپ کی طاقت ہے اور انشاء ﷲ آپ اس طاقت کو استعمال کرکے خود ترقی کریں اور اپنے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔