شام میں باغیوں کی دمشق کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق باغی دمشق سے صرف 10 کلو میٹر کے فاصلے پر ہیں۔ 2 ہزار شامی فوجیوں نے عراق میں پناہ لے لی۔
شام میں باغی دستے حمص میں داخل ہوگئے۔سینٹرل جیل سمیت کئی دیہاتوں پر قبضہ کرلیا۔ جیل میں قید 3500قیدی فرار ہوگئے ہیں۔باغیوں کا اسرائیلی سرحد کے قریب القُنیطرہ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
شامی باغیوں نے جنوبی شہر درعا پر بھی قبضہ کرلیا۔باغیوں کا کہنا ہے کہ شامی فوج سے معاہدے کےتحت شامی فوج کو درعا سے نکلنے کا محفوظ راستہ دیا گیا۔
السویداء شہر میں بھی جھڑپیں جاری ہیں۔ گورنر، سیکیورٹی افسران اور دیگرحکام نے مراکز خالی کردیے۔
ادھر کرد فورسز نے عراقی سرحد کےقریب دیرالزور شہر اورڈیرہ صوبے میں فوجی اڈے پر قبضہ کرکےمشرقی صحراسے بشارالاسد کی فوج کو نکال دیا ۔
اقوامِ متحدہ کے نمائندے نے شامی تنازع کے حل کے لیے فوری سیاسی مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔شام میں خانہ جنگی سے تقریبا 15 لاکھ افراد کے بے گھر ہونے کا خدشہ ہے۔ شام میں پہلے ہی ایک کروڑ 29 لاکھ افراد غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔