سڈنی: (تیز رفتارنیوز) خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے پر آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ شیڈولڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز ملتوی کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز رواں برس اگست میں شیڈولڈ تھی، سیریز کے حوالے سے ایک بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ ہم افغانستان کیخلاف باہمی سیریز ملتوی کر رہے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے 12 ماہ کے دوران اپنی حکومت سے رابطے میں ہیں، حکومت نے بتایا کہ افغانستان میں حالات پہلے سے بھی بدترین ہیں اس لیے ہم اپنے ماضی کے مؤقف پر قائم ہیں۔آسٹریلین کرکٹ حکام نے مزید کہا کہ ہم خواتین اور لڑکیوں کی شرکت کی حمایت کرتے رہیں گے، کرکٹ آسٹریلیا آئی سی سی اور افغانستان بورڈ سے رابطے میں رہے گا، مستقبل میں سیریز کے بحالی کیلئے کام جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے گزشتہ سال ون ڈے سیریز بھی ملتوی کی گئی تھی، یہ سیریز افغانستان میں خواتین کے حقوق سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب ہی ملتوی ہوئی تھی۔