9 مئی کی سازش کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے، تمام منصوبہ سازوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے نیوزکانفرنس میں کہا سانحہ 9مئی کیس کے فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوا۔مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں۔ملک دشمنی کرنے والے آج انجام کو پہنچے ہیں،اب کوئی دفاعی تنصیبات پر حملے کا سوچے گا بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنے اور ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءکی مذموم سازش تھی، انہوں نے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بہت بڑا دن ہے، آج 60 مجرموں کا کیس کیفرکردار کو پہنچا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کیس کا فیصلہ عجلت میں نہیں ہوا، اس میں دو سال کا وقت لگا، اس کیس میں باقاعدہ شواہد جمع کروائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ میں ٹرائل عالمی معاہدوں، ہمارے قانون و آئین کے عین مطابق ہے۔ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں وکیل کرنے، فیملی اور ریکارڈ تک رسائی کا حق دیا گیا جبکہ یہ بھی طے ہے کہ ملزم کی غیر موجودگی میں ٹرائل نہیں ہوگا۔ اس کیس میں اپیل کے بھی دو حق دیئے گئے ہیں، اپیل کا ایک حق ملٹری کورٹ جبکہ دوسرا متعلقہ ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے ذریعے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کا جرم اتنا بڑا جرم تھا کہ اس سے کوئی چھپ یا بھاگ نہیں سکتا، شواہد میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کون کون جائے واقعہ پر موجود تھا، کون اندر گیا، کس نے جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کی۔