سول نافرمانی کی کال شرمناک ہے،بانی پی ٹی آئی جو مرضی کرلیں ان کی دال نہیں گلنے والی،وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا اب کوئی مستقبل نہیں ،سول نافرمانی کی تحریک بھی بری طرح ناکام ہو گی۔لاہور میں بہار کالونی چرچ گرائونڈ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آ باد میں چڑھائی کا منصوبہ بری طرح ناکام ہوا۔ بانی پی ٹی آئی اور اس کی فسادی جماعت کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لاشوں پر سیاست کی جا رہی ہے اور لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے،لاشوں کی سیاست کرنا پی ٹی آئی کا اصل وطیرہ ہے،عوامی مسائل سے فتنہ پارٹی کو کوئی سروکار نہیں ، اس نے ہمیشہ جلائو گھیرائو کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک میں افراتفری پھیلائی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ غیر سنجیدہ کال اسی کے دماغ میں ہوتی ہے جس نے دی ہوتی ہے،سول نافرمانی کی کال شرمناک ہے،لوگ چاہتے ہیں کہ انہیں روز گار ملے ، گیس و بجلی آئے، بانی پی ٹی آئی جو مرضی کرلیں ان کی دال نہیں گلنے والی، یہ انتشار کرنا چاہتے ہیں، انتشار نہیں کرنے دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے 278 لاشوں کی بات کی ہے تو ان کے گھر سے لاشیں اکھٹی کریں، لطیف کھوسہ کو اب سیاست نہیں بلکہ آرام کرنا چاہیے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہورہا ہے،کے پی کے حکومت صوبے میں امن و امان لانے کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آرہی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے۔