پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں زمبابوےکوشکست دیکر سیریز 1-2 سےجیت لی۔

آخری اور فیصلہ کن ون ڈے میں گرین شرٹس نے 99 رنزسے فتح سمیٹی۔ 304رنز کے تعاقب میں میزبان ٹیم 204 رنز بناسکی۔

بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز اسکور کیے۔

304 رنز کے ہدف کے جواب میں میزبان ٹیم 41 ویں اوور میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 99گیندوں پر 4چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 103 رنز بناۓ۔

صائم ایوب نے 31، عبداللہ شفیق نے 50، محمد رضوان نے 37، سلمان علی آغا 30 اور عرفان خان نے 3 رنز بناۓ۔
طیب طاہر29 اور عامر جمال 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

304 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کے کریگ ایروین 51 اور برین بیننٹ 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔ تاڈیواناشے اور سین ولیمز نے 24 ، 24 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان آغا، ابرار احمد،حارث رؤف اور عامر جمال نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فیصل اکرام اور کامران غلام نے ایک ایک وکٹ لی۔

شاندار سینچری اسکور کرنے والے کامران غلام میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پاۓ۔مین آف دی سیریز کا اعزاز صائم ایوب نے اپنے نام کیا۔ کپتان محمد رضوان نے فاتح ٹرافی اٹھائی۔