وفاق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور صحت معلوم کرنے کے لیے وفد امریکا جائے گا۔ وفد میں سینیٹر طلحہ محمود، فوزیہ صدیقی، انوشہ رحمان اور ایک ڈاکٹر شامل ہوگا

وفاق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور صحت معلوم کرنے کے لیے وفد امریکا جائے گا۔ وفد میں سینیٹر طلحہ محمود، فوزیہ صدیقی، انوشہ رحمان اور ایک ڈاکٹر شامل ہوگا۔ امریکی انتخابات کے بعد وفد امریکا جا کر امریکی حکام سے ملاقاتیں کرے گا اسلام آباد ہائی کورٹ کے سردار اعجاز اسحاق خان نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی ، وطن واپسی اور صحت کی جانچ کے لیے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔ اٹارنی جنرل منصور اعوان نےامریکہ بھیجے جانے والے چار رکنی وفد کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں اور بتایا کہ سینیٹرطلحہ محمود، انوشہ رحمان ، فوزیہ صدیقی اور ایک ڈاکٹر پر مشتمل چار رکنی وفد آئندہ دو ہفتوں میں امریکی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔وفد امریکی انتخابات کے فوری بعد امریکا روانہ ہوگا۔ عدالت نے زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ کو دونوں فریقین کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔ دورانِ سماعت، اٹارنی جنرل نے ڈاکٹر فوزیہ سے وفد میں شامل ڈاکٹر کی ویزا پوزیشن کے بارے میں استفسار کیا جس پر ڈاکٹر فوزیہ نے تصدیق کی کہ ڈاکٹر کے پاس امریکی ویزا موجود ہے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے اٹارنی جنرل کی معاملے میں دلچسپی کو سراہا اور کیس کی سماعت نومبر کے آخر ی ہفتے تک ملتوی کر دی