کابل ( الامارہ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ حج ادا کرنے کے لیے امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے سیاسی مولوی عبدالکبیر، وزیر حج و اوقاف شیخ نور محمد ثاقب، وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی اور انٹیلی جنس چیف ملا عبدالحق وثیق پر عائد سفری پابندی ختم کر دی ہے۔
یہ پابندی ایسے وقت میں ہٹالی گئی ہے جب افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر 4 جون کو ایک وفد کی قیادت میں متحدہ عرب امارات گئے تھے جس میں امارت اسلامیہ کے انٹیلی جنس چیف ملا عبدالحق وثیق بھی شامل تھے۔
دوسری جانب امارت اسلامیہ کے ساتھ دنیا کے تعاملات کے تسلسل میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سینٹ پیٹرزبرگ اقتصادی فورم میں بین الاقوامی نیوز چینلز کے سربراہان سے ملاقات میں امارت اسلامیہ کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ
یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ امارت اسلامیہ، افغانستان کی سرزمین پر حاکم واحد قوت ہے ان کے ساتھ تعلقات استوار ہونے چاہئیں۔