اسلام آباد کے پوش سیکٹر کے رہائشی فلیٹ میں فحاشی کا اڈا، خاتون تیسرے فلور کی کھڑکی سے کود کر زخمی۔

‏اسلام آباد کے پوش سیکٹر کے رہائشی فلیٹ میں فحاشی کا اڈا، خاتون تیسرے فلور کی کھڑکی سے کود کر زخمی ہوگئی، متاثرہ خاتون کا ویڈیو بیان میں سنسنی خیز انکشافات، اسلام آباد کے تھانہ شالیمار کی حدود سیکٹر ای الیون ٹو کی رہائشی بلڈنگ کے تیسرے فلور سے خاتون نے چھلانگ لگا دی۔ جسے شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی خاتون نصیبہ قیصر نے اپنے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اس کا تعلق اسلام گڑھ میرپور آزاد کشمیر سے ہے۔ خاتون کے مطابق دو روز قبل سرائے عالمگیر سے مجھے شکیلہ نامی خاتون نے مری سیر وتفریح کے بہانے اسلام آباد پہنچایا اور یہاں سیکٹر ای الیون ٹو میں واقع رہائشی بلڈنگ کے تیسرے فلور میں لاکر قید کر دیا جہاں شکیلہ کا بھائی ذیشان عرف شانی بھی موجود تھا۔ شکیلہ نے مجھے بتایاکہ اسے بارہ لاکھ روپے میں شانی کے ہاتھ فروخت کر دیا گیا ہے۔ خاتون کے مطابق عصمت فروشی کے اس اڈے پر اور بھی لڑکیاں موجود تھیں۔ شکیلہ اور اس کا بھائی شانی مجھ سے غلط کام کروانا چاہتے تھے۔ میرے انکار پر مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ میں نے کھڑکی سے چھلانگ لگانے سے پہلے شور شرابہ کرکے ایک راہگیر کی مدد سے پولیس بلوالی۔ لیکن پولیس فلیٹ کے کمرے تک آکر اندر داخل نہ ہوئی اور دروازہ کھٹکھٹاتی رہی، دروازہ نہ کھلنے پر پولیس واپس لوٹ گئی۔ پولیس بلوانے کی پاداش میں مجھے بری طرح زدوکوب بھی کیا گیا۔ پھر موقع پاتے ہی میں فلیٹ کی کھڑکی سے کود گئی۔ نصیبہ نامی خاتون کا مزید کہنا ہے کہ جس فلیٹ میں مجھے رکھا گیا وہاں مساج سنٹر کھلا ہوا ہے اور غلط کاری بھی ہوتی تھی۔ شکیلہ اور ذیشان عرف شانی سمیت دیگر اس مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔

خاتون نے اپنی فیملی کے بارے میں پوچھنے پر بتایاکہ

میرے والدین انگلینڈ میں رہتے ہیں۔ میرے پہلے خاوند سے ایک چار سالہ بیٹی ہے جو والد کے پاس ہی ہوتی ہے۔ اپنے خاوند کے بارے میں خاتون کا کہنا تھاکہ وہ دبئی میں رہتا ہے۔ کھڑکی سے کودنے کے باعث خاتون کا پاؤں فریکچر ہوگیا ہے اور ریڑھ کی ہڈی بھی ٹوٹ چکی ہے۔