وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گھٹائیں چھائیں اور بادل بھی کھل کر برسے۔ موسم کی ان اداؤں نے نظاروں کو بھی انوکھا روپ دے ڈالا، شہر اقتدار میں صبح کا آغاز ہی بادلوں کی گھن گرج اور برستی بوندوں کے ساتھ ہوا۔ میگھا خوب برسی اور پانی نے ہر شے کو ہی دھو ڈالا،چہار سو جل تھل ایک ہوا تو فضا میں تازگی بھی رچ بس گئی۔
پھولوں کے رنگ نکھر کر اور بھی خوشنما ہوئے تو پتوں پر ٹھہرا پانی بھی ایسا جیسے مخمل پر موتی ٹھہر سے گئے ہوں۔مارگلہ کے سر سبز پہاڑ، بادلوں کی آنکھ مچولی اور مست ہوائیں۔ ان نظاروں نے سب کو ہی دیوانہ بنا ڈالا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ شمال مشر قی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
کراچی میں مطلع ابر آلود ہے، آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے،سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس زدہ رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔