مون سون بارشوں کے دھواں دھار سپیل سے جل تھل ایک ہو گیا۔


ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دھواں دھار سپیل سے جل تھل ایک ہو گیا۔

لاہور میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی خوب بادل برسے،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے ،راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

، نارووال، پتوکی، منچن آباد اور دیگر شہروں میں تیز بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔بارشوں سے ہری پور کے ندی نالوں اور دریائے دوڑ میں طغیانی آ گئی ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی،شہر قائد میں گہرے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے، جس کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی/ جنوبی پنجاب، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیاہے۔