پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکنے لگا، کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم دن بھر گرم اور خشک رہے گا، ہوا کی رفتار 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، سرگودھا، جہلم میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک متوقع ہے جبکہ آج شام لاہور، جہلم، راولپنڈی میں بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب سندھ کے بعض اضلاع میں ایک ہفتے سے درجہ حرارت 50 ڈگری سے کم نہ ہو سکا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، آج بھی سکھر، نواب شاہ، حیدرآباد، دادو، موہنجو دڑو میں پارہ 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ادھر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق کوہستان، سوات، چترال، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 51، کوئٹہ میں 35، قلات میں 31 ،نوکنڈی میں 43 اور تربت میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاریعلاوہ ازیں پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں آئندہ دو روز تک ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث بارش کا ایک سلسلہ پیدا ہوگا، ہلکی بارش کے باعث درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آئے گی۔شاہد عباس کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا کوئی بھی سلسلہ پنجاب داخل نہیں ہو رہا، گرمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اب آہستہ آہستہ درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔