اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہین عدالت کیس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا
جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہین عدالت کیس پرسماعت ہوئی ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بنچ نے کی۔ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلہ چیف جسٹس عامر فاروق ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے جاری کیا۔تحریری حکم نامے میں یہ لکھا گیا ہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی درخواست پر توہین عدالت آرڈیننس 2003 کے سیکشن 11 کے تحت توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ ریفرنس اور دعووں کی بنیادپراینکر پرسن طلعت حسین ،وقاص ملک ایڈووکیٹ اور مطیع اللہ جان کو نوٹس جاری کیے جائیں ، یہ افراد آئندہ سماعت سے پہلے اپنے جواب عدالت میں جمع کرائیں ، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا )کو بھی نوٹس جاری کیا جائے۔پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیر بحث انٹرویوز کا ٹرانسکرپٹ تیار کرے اور اسے آئندہ تاریخ کو عدالت میں پیش کرے، کیس کی سماعت 30 مئی 2024 کو دوبارہ ہوگی ۔