ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے 25 جنوری 2024 کو بھارت کے پاکستان میں دراندازی اور ماورائے عدالت قتل کے ناقابل تردید شواہد فراہم کئے، یہ پاکستان میں بھارت کے ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کے واضح ثبوت ہیں، بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے، عالمی برادری کو بھارت کے ان گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے، فروری 2019 کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوؤں کو بے نقاب کیا تھا، انتخابی فائدے کیلئے بھارتی حکمران نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم اور اپنے بھرپور دفاع کی صلاحیت کی گواہ ہے