شعبان میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کرنے والوں کا بے پناہ رش

انتظامیہ کی جانب سے اب تک اس مہینے میں 2لاکھ 87ہزار 185پرمٹ جاری کردیئے گئے

مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2024ء ) شعبان المعظم کے مہینے میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے خواہشمندوں کا بے پناہ رش دیکھا جارہا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق مسلمانوں کو گزشتہ سال اسلامی قمری کیلنڈر کے آٹھویں مہینے شعبان میں سعودی مقدس شہر مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے انتہائی قابل احترام مقام الروضہ الشریفہ جانے کے لیے کل 4 لاکھ 89 ہزار 241 اجازت نامے جاری کیے گئے تھے جب کہ مسجد نبوی ﷺ کے امور کی انچارج سرکاری ایجنسی نے بتایا ہے کہ اس بار اب تک شعبان کے مہینے میں 2 لاکھ 87 ہزار 185 افراد کے لیے روضہ شریف جانے کے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک عام طور پر سعودی عرب میں عمرہ یا زیارت کے لیے سب سے مصروف مہینہ سمجھا جاتا ہے، گزشتہ سال ماہ مقدس میں روضہ رسول ﷺ تک رسائی کے لیے مجموعی طور پر 3 لاکھ 44 ہزار 142 پرمٹ جاری کیے گئے، زیارت کے لیے مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ شیڈول بنائے گئے، اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ پچھلے سال مرد نمازیوں کے لیے 2.6 ملین اور خواتین کے لیے 1.9 ملین پرمٹ جاری کیے گئے۔

مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’نئے نظام کے تحت اب وزارت حج و عمرہ سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں کسی بھی زائر کو سال میں صرف ایک بار ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ ملے گا، جس کے بعد دوبارہ نئے پرمٹ کا حصول 365 دن گزرنے پر نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے ممکن ہوگا۔ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سال 2023 کے دوران 28 کروڑ سے بھی زیادہ زائرین نے مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روحانی ماحول میں مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور انہیں راحت اور سکون کے تمام ممکن وسائل کی مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زائرین اطمینان اور سکون دل کے ساتھ مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقیم پر عبادت کا شرف حاصل کرسکیں۔