راولاکوٹ: رکشہ ڈرائیور سے تلخ کلامی کے دوران فائرنگ، خاتون جاں بحق
راولاکوٹ میں 4 جنوری 2025 کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں رکشہ ڈرائیور سے تلخ کلامی کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 24 سالہ خاتون کنول شبیر جاں بحق ہو گئیں۔ جاں بحق ہونے والی خاتون تھوراڑ یونین کونسل سے تعلق رکھتی تھیں اور ان کی شادی راولاکوٹ میں ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق، واقعہ میتیال میرہ کے قریب پیش آیا، جہاں کنول شبیر زوجہ عدنان ایوب کو کمر میں گولی لگی۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، فائرنگ رکشہ ڈرائیور اور ایک مشتبہ شخص کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہوئی۔ گمان کیا جا رہا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص خاتون کا قریبی رشتہ دار یا شوہر ہو سکتا ہے۔ تاہم، واقعے کے محرکات اور ملزم کی حتمی شناخت ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔
مقامی پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور جلد ہی مزید تفصیلات فراہم کرنے کا امکان ہے۔