شام میں اقتدار کی منتقلی،ملک پر مکمل کنٹرول کے آخری مرحلے میں ہیں،تحریرالشام

شام میں صدر بشارالاسد کے اقتدار چھوڑنے کے بعد اقتدار کی منتقلی کے لیے کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔شامی وزیراعظم محمد غازی الجلالی اپنی کابینہ سمیت دمشق میں اقتدار کی منتقلی پر کام کر رہے ہیں۔ہیئت تحریرالشام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ عبوری حکومت سے کنٹرول فوری طور پر سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ ملک پر مکمل کنٹرول اور شہری املاک محفوظ بنانے کا کام آخری مرحلے میں ہے،اس کے بعد حکومت کی ذمہ داریاں سنبھالی جائیں گی۔
ملک بھر میں جشن جاری ہے اور شہری سڑکوں پر رقص کرتےنظر آرہے ہیں۔ بشارالاسد کے دور اقتدار میں بے گھر ہونے والے شہریوں کی واپسی بھی شروع ہوگئی ہے۔
شام کے مرکزی بینک نے تصدیق کی ہے کہ شہریوں کا بینکوں میں موجود سرمایہ محفوظ ہے۔
دوسری طرف بشار الاسد دور میں لاپتہ کئے گئے شہریوں کی تلاش جاری ہے،لوگ اپنے پیاروں کو جیلوں میں ڈھونڈ رہے ہیں۔
سابق صدر بشارالاسد نے روس میں سیاسی پناہ حاصل کر لی ہے۔جبکہ روس میں موجود شام کے سفارتخانے پر ہیئت تحریر الشام کا پرچم لہرادیا گیا ہے۔