پی پی 139 ضمنی انتخاب،عوام نے انتشار کی بجائے ترقی و خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا،وزیراعظم

‏وزیرِاعظم شہباز شریف کی شیخوپورہ نے پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار کی واضح برتری پر رانا طاہر کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیر اعظمشہباز شریف نے کہا کہ پی پی-139 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی واضح برتری عوام کے پارٹی کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 4.9 پر آنا، عام آدمی کی زندگی میں آسانی، ملکی معاشی اعشاریوں میں بہتری کی بدولت پی پی 139 کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پی پی 139 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے انتشار کی بجائے ترقی و خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا۔پی پی 139 کے ضمنی انتخاب نے جلاؤ گھیراؤ کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے اپنے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔اللّٰہ کے فضل و کرم سے اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔قائد میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ سوچ اور پارٹی ورکرز کی محنت کی بدولت فتح نصیب ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز بھی دن رات عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی کیلئے مصروف عمل ہیں۔عوام ملک میں حقیقی معاشی ترقی اور حقیقی خوشحالی لانے والوں کو منتخب کر چکی۔انشاءاللّٰہ وطنِ عزیز کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے شبانہ روز محنت جاری رکھیں گے۔