دھڑ سے جڑی بہنیں نائلہ اور شمائلہ کامیاب آپریشن کے بعد مکمل صحتیاب

کراچی کے قومی ادارہ برائے اطفال میں دھڑ سے جڑی بچیاں کامیاب آپریشن کے بعد مکمل صحتیاب ہو گئی ہیں۔

آپریشن کے بعد دونو بہنوں نائلہ اور شمائلہ کی 3 ماہ تک انتہائی نگہداشت کی گئی تھی۔ ڈائریکٹر این آئی سی ایچ ڈاکٹر ناصر سڈل کے مطابق بچیوں کی صحت اب بہتر ہے۔

این آئی سی ایچ میں جڑواں بچیوں کے آپریشن سے متعلق ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ٹیم ورک کے ذریعے ایک کامیابی حاصل کی ہے ۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ پیدائش کے 3 دن بعد بچیوں کو این آئی سی ایچ ایمرجنسی میں لایا گیا ۔بچیوں کی عمر اس وقت 3 ماہ ہے۔

ڈاکٹرز کامزید کہنا تھا کہ بچیوں کے آپریشن میں 12 گھنٹے کا طویل وقت لگا اور اس آپریشن میں صرف ڈاکٹر نے ہی نہیں بلکہ پورے اسٹاف نے مل کر کام کیا۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ بچیوں کا نام نائلہ اور شمائلہ ہے جو ہمارے ہی ڈاکٹر نے رکھے ہیں۔ جڑواں بہنوں کا تعلق نواب شاہ سے ہے اوربچیوں کا والد رکشہ چلاتا ہے۔

دھڑ سے جڑی بہنوں کی علیحدگی کی سرجری طب کے شعبے میں پاکستانی ڈاکٹروں کا اہم کارنامہ قرار دیا گیا ہے۔