دریائے سندھ کے کنارے 20 سال سے جاری 500 ارب کے سونے کی کھدائی کے خلاف پنجاب حکومت کا سخت آپریشن میانوالی کے بعد اٹک میں کارروائیاں
اٹک سابق امیدوار پنجاب اسمبلی سردار رحمت علی خان نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی گولڈ پلیسر کو روکنے کے سلسلہ میں وزیر مائنز اینڈ منرلز سردار شیر علی گورچانی کی سربراہی میں سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز پرویز اقبال اورڈائریکٹر جنرل مائنز اینڈ منرلز راجہ منصور احمد کا ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس اور دریائے سندھ کے دورہ کو خوش آئند قرار دیا ہے تا ہم اس دورہ کے دوران نا معلوم وجوہات کی بناء پر میڈیا جو مسلسل 20 سال سے دریائے سندھ کے کنارے 500 سے زائد غیر قانونی ہیوی مشینری کی نشاندہی کر رہا ہے ان کو آگاہ نہ کرنا آزادی صحافت پر قدغن ہے اور اس دورے کی افادیت میڈیا کو آگاہ نہ کر کے وہ نتائج حاصل نہیں کر سکے گی جو میڈیا کو موقع پر ساتھ لے کر حاصل کئے جا سکتے تھے اور میڈیا سے اس تمام عرصہ درازسے جاری غیر قانونی دھندے کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی جا سکتی تھیں میڈیا جو طویل عرصہ سے اس غیر قانونی کام میں ملوث طاقتور عناصر کو بے نقاب کر کے اپنا قومی فریضہ سرانجام دے رہا ہے انہیں دورے سے بے خبر رکھنا مافیا کی بڑی کامیابی اور حکومتی اداروں کی جگ ہنسائی کا سبب ہے اس دورہ کےضلع اٹک کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے دور رس اثرات مرتب ہوں گے انہوں نے خصوصی طور پر ضلع اٹک کی حدود میں واقع دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی سونا نکالنے کے سلسلہ میں جو دورہ کیا ہے وہ خوش آئند ہے اور اس سے اگر اس کاروبار کو قانونی شکل دے دی گئی تو پنجاب حکومت کو سالانہ سو ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی کاوشوں کو بھی سراہا جو غیر قانونی کان کنی کے سلسلے میں کر رہے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں وزیر مائنز اینڈ منرلز سردار
شیر علی گورچانی کی زیر صدارت سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز پرویز اقبال کے ہمراہ اجلاس ہوا،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل مائنز اینڈ منرلز راجہ منصور احمد ڈپٹی کمشنر اٹک راؤعاطف رضااور ڈی پی او اٹک ڈاکٹرسردارغیاث گل خان ،اےڈی سی آروقاص اسلم مارتھ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرمائنز فرقان احمداوردیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی،اجلاس میں اٹک میں مائننگ انڈسٹری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں کو سراہا گیا، مائنز اینڈ منرلز کے ضلعی افسران کو سخت ہدایات دی گئیں کہ وہ تمام مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں،اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی غیر مجاز کان کنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ضلعی انتظامیہ اور مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے اٹک میں مزدوروں کی فلاح و بہبود اور مقامی آبادی کی ہنر مندی کے لیے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔