جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمران خان و دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر
انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردی گئی ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر پر فرد جرم کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمر ایواب، شبلی فراز، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ آج کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت نے راشد حفیظ، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور زرتاج گل میں چالان کے نقول کی کاپیاں تقسیم کیں، جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی اور بانی چییرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر 8 نومبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔
ادھر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت ہوئی جہاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی گئی، اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی، عدالت نے شامل تفتیش نہ ہونے والے ملزمان کو تفتیش جوائن کرنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ’عظمیٰ خان اور علیمہ خان سمیت دیگر کی اے ٹی سی روالپنڈی میں پیشی ہے‘، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ’اے ٹی سی عدالت روالپنڈی سے چیک کرنے کے بعد حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ ہوگا، اگر ملزمان واقعی ہی اے ٹی سی روالپنڈی پیش ہوئے ہیں تو منظور کرلوں گا‘، جس کے بعد عدالت نے کارروائی کچھ دیر تک ملتوی کردی، عدالت نے اسد عمر سمیت دیگر کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔