اسلام آباد 12 اکتوبر 2024
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے روس کے سفیر البرٹ پی خوریو H.E. Mr. Albert P. Khorev کے ساتھ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا، جس میں خاص طور پر مذہبی سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 2000 سے زائد مذہبی مقامات موجود ہیں جو بین الاقوامی سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتے ہیں۔پاکستان اور روس کے تعلقات کو مختلف جہتوں میں فروغ دینے کی ضرورت ہے، جن میں تجارت، معیشت، تعلیم، ثقافت، اور سیاحت اہم شعبے ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں نوجوانوں اور خواتین کی سرگرمیوں میں روس کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر نے پشاور میں ایک ایونٹ کے انعقاد کی تجویز دی تاکہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں اور روس کے درمیان رابطے کو مزید بہتر کیا جا سکے پشاور اور روس کے درمیان سسٹر سٹیز کے قیام کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی گورنر نے روسی زبان کے مرکز کی بحالی پر بھی بات کی، جو 2018 میں پشاور یونیورسٹی میں قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ مستقبل میں وسطی ایشیا اور روس کے مختلف اسکالرز کو پشاور مدعو کیا جائے تاکہ ثقافت، فنون اور تاریخ کے شعبوں میں مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تشدد کے خاتمے کے لیے مکالمے، شاعری، موسیقی اور ثقافت کے ذریعے نوجوانوں کو مصروف کرنا چاہتے ہیں۔ گورنر نے روس سے اسکالرز کو مدعو کرنے کی تجویز دی اور پشاور میوزیم اور ماسکو میوزیم آف اورینٹل اسٹڈیز کے درمیان 2020 میں ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا، جسے کورونا وائرس کے باعث روک دیا گیا تھا۔ روسی سفیر نے اس موقع پر خیبر پختونخوا میں آرٹ اور مصنوعی ذہانت کے موضوعات پر نمائش منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا کے جذبات اور تجاویز کا خیر مقدم کیا انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ خوش قسمت ہیں جنہیں آپ جیسا باصلاحیت محنتی اور وژنری گورنر نصیب ہوا انہوں نے کہا کہ ایسی مثبت سوچ کی حامل قیادت ہی قوموں کو ترقی اور خوشحالی سے ہم کنار کرتی ہے انہوں نے کہا کہ روس میں موجود پاکستانی اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے باسی ہر شعبہ میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرکے پاکستان کے روشن امیج کو اجاگر کرنے کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں دونوں ممالک مستقبل میں عوامی ترقی خوشحالی کے منصوبوں پر پیش رفت جاری رکھیں گے