حافظ نعیم الرحمن کی دوحہ میں اسماعیل ہنیہ شہید کی نماز جنازہ میں شرکت


امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی مجاہد، حماس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم فلسطین اسماعیل ہنیہ شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے صاحبزادوں اور حماس کی اعلیٰ قیادت سے اظہار تعزیت کیا۔ امیر جماعت نماز جنازہ میں شرکت کے لیے گزشتہ شب قطر کے لیے روانہ ہوئے تھے، وہ آج رات وطن واپس پہنچیں گے اور راولپنڈی دھرنا میں شریک ہوں گے۔ جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی ان کے ہمراہ ہیں

۔


امیر جماعت نے دوحہ میں اتحاد العلماء العالمی الاسلامی کی قیادت سے بھی ملاقات کی۔ حماس کی قیادت اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتوں میں انھوں نے اسماعیل ہنیہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور یقین کا اظہار کیا کہ خطہئ فلسطین اور مسجد اقصیٰ صہیونی تسلط سے آزاد ہو گی، فلسطینی مجاہدین اور عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور اسرائیل اور اس کے حواریوں کو شکست فاش ہو گی۔ انھوں نے پاکستانی عوام اور جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے جذبات بھی فلسطینی رہنماؤں تک پہنچائے اور کہا کہ کروڑوں پاکستانیوں کے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ جماعت اسلامی فلسطین کو آزاد کرانے کے لیے حماس کی مزاحمت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کو ڈٹ کر اسرائیل کی سفاکیت کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے، امت کے جذبات کی عکاسی نہیں ہو رہی۔ انھوں نے امریکا اور بعض مغربی ممالک کی جانب سے اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کی پشت پناہی کی پرزور مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔