265ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

افواجِ پاکستان کی جانب سے اپنی ”آئینی حدود“ میں رہتے ہوئے ملک کو درپیش چیلنجز کے پائیدار حل کی کوششوں کا عزم قابلِ تحسین ہے، ترجمان تحریک انصاف

ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کا بڑا سبب دستور سے انحراف، شہریوں کے خلاف طاقت کا ماورائے قانون استعمال اور ریاستی اداروں کی ترجیحات میں سنگین بگاڑ کارفرما ہے، ترجمان تحریک انصاف

ناقص معلومات، تباہ کن فیصلہ سازی اور قومی مفادات کی بجائے شخصی خیالات و اہداف کے گرد گھومتی پالیسیاں ملک و قوم کیلئے مہلک ترین ثابت ہورہی ہیں، ترجمان تحریک انصاف

آئین رب العزت کی حاکمیت کے بعد اقتدار و اختیار کا مالک عوام کو بناتا اور انہیں ریاستی فیصلوں/پالیسیز پر تنقید کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے، ترجمان تحریک انصاف

آزادئ اظہار کو قابلِ تعزیر جرم کا درجہ دینے اور عوام کے تنقید کے حق کو ”ڈیجیٹل دہشتگردی“ جیسی ناقص اصطلاح سے منسوب کرکے شہریوں کے خلاف ماورائے قانون اقدامات کا دروازہ کھولنے کی کوششیں کسی طور بھی ملک یا ریاستی اداروں کے مفاد میں نہیں، ترجمان تحریک انصاف

اپنے فیصلوں کو الہام کا درجہ دینے کی بجائے عوام اور سیاسی جماعتوں کی تنقید کو تعمیری انداز میں لینے کا کلچر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ناگزیر ہے، ترجمان تحریک انصاف

پارلیمان اور جمہور کے منتخب نمائندوں کو بائی پاس کرکے قوم پر فیصلے تھوپنے کی روایت نے ملک کو حادثات سے دوچار کیا ہے، ترجمان تحریک انصاف

دہشتگردی کے مؤثر انسداد کے حوالے سے پوری قوم یکجا ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ترجیحات کو اس بنیادی ہدف سے ہم آہنگ کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ترجمان تحریک انصاف

دہشتگردی کی موجودہ صورتحال اور اس کے انسداد کی ریاستی پالیسی کے مابین پائے جانے والے تضادات کی قیمت ملک و قوم اور نہتّے معصوم شہری ادا کررہے ہیں، ترجمان تحریک انصاف

سات دہائیوں کے دوران بالعموم جبکہ گزشتہ دو عشروں کے دوران بالخصوص قوم نے دہشتگردی جیسے ناسور کے خاتمے کیلئے ہر مرحلے پر اپنی افواج کا ساتھ دیا اور ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ترجمان تحریک انصاف

دنیا کی کوئی فوج اپنے عوام کی تائید و حمایت کے بغیر کسی چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی، ترجمان تحریک انصاف

ریاستی ادارے عوام کی منشاء کے احترام اور آئین کو اس کا جائز مقام دے کر ہی حقیقی طور پر کسی کامیابی کی توقع کرسکتے ہیں، ترجمان تحریک انصاف

منجانب: مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ