حافظ نعیم الرحمان کثرت رائے سے نئے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب


حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ 2029 تک جماعت اسلامی پاکستان کے امیر رہیں گے۔

نئے امیر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے 45 ہزار سے زائد ارکان نے ووٹ ڈالا۔ حافظ نعیم الرحمان اکثریتی ووٹ لےکر امیر منتخب ہوئے۔

واضح رہےکہ نئے امیر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے انتخابی کمیشن نے ارکان کی رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل تھے۔ اراکین ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کے امیر کے منصب پر انتخاب کے لیے اپنی رائے دے سکتے تھے۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی میں دستور کے مطابق ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا انتخاب ہر 5 سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر ہیں۔ ان سے قبل مولانا مودودی، میاں طفیل، قاضی حسین احمد، منور حسن اور سراج الحق جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم کی حافظ نعیم الرحمان کو مبارک باد
وزیر اعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور حافظ نعیم الرحمان کی اپنی جماعت کے لیے سیاسی خدمات کی تعریف کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے جماعت اسلامی جمہوریت کی بقا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مزید فعال کردار ادا کرےگی

تیز رفتار نیوز کے سی او محسن رضا خان نے جافظ نعیم الرحمان کو اپنے ادارے کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھجوایا ہے