پاک فوج نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی شہریوں سمیت 6 بےگناہ افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5 چینیوں سمیت 6 افرا د ہلاک ہوگئے۔
اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنائی۔
پاک فوج نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر، تربت اور بشام میں دہشت گردی کے واقعات کا مقصد داخلی سلامتی کی صورتِ حال کو غیر مستحکم کرنا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہناہے کہ دہشت گردی کے واقعات اندرونی سکیورٹی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی بزدلانہ کارروائیاں ہے، گوادر اور تربت میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے، قوم اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے، یہ عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں