پی ٹی وی میں تنخواہوں کا بحران منافع کے دعوئوں کے باوجود ملازمین تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین پنشن سے محروم

پی ٹی وی کے ملازمین کے لیے نیا سال بھاری پڑ گیا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں اور بھاری رشوت کے عوض تقرریوں کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ منافع میں ہونے کے باوجود کرپٹ انتظامیہ ملازمین کی تنخواہ دینے میں ناکام ہے، گزشتہ سال پی ٹی وی کو بام عروج پر پہنچانے کے دعووں کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت نے اس قومی نشریاتی ادارے کی کرپٹ اور طاقتور انتظامیہ کے خلاف آپریشن کلین اپ کا اعلان کیا تھا جس پر ابھی تک کسی قسم کی کاروائی نہیں ہوسکی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی وی کی حالت میں سدھار کے لیے مالی بد انتظامی اور قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا لیکن اس کے باوجود حال یہ ہے کہ نیا سال شروع ہونے پر بھی ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں، بھاری مشاہروں پر تعینات نیوز اینکرز کی پوری لاٹ پی ٹی وی کی خستہ حالی کے باوجود حال ہی میں تعینات کی گئی ہے،ملازمین کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ہونے والی ترقیوں میں بھی قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن نے ادارے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،ایک طرف ملازمین کی زندگی بھر کی کمائی ان کی پینشن کی صورت میں جمع ہونے کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کو نہیں مل رہی تو وہیں انتظامیہ نے پینشن اکاؤنٹ سے بھی اخراجات کر کے افسران بالا کو خوش کرنے کی جو روش اختیار کی ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ ادارے کی ترقی کے بلند و بانگ دعووں کے ہوتے ہوئے بھی ماہ دسمبر کی تنخواہ ابھی تک ٹرانسفر نہیں کی جا سکی،پی ٹی وی ملازمین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی یونین کے کرتا دھرتاؤں نے ری ڈیزگنیشن کے ذریعے اپنے اور اپنے بال بچوں کے کے ہمراہ ادارے کی تمام اہم پوزیشنوں پر قبضہ جما لیا ہے،پی ٹی وی میں اس وقت ملازمین کا کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ ہی انتظامیہ تنخواہوں سے محروم ملازمین کے مطالبات پر کان دھرنے کو تیار ہے،واقفان حال کا کہنا ہے کہ اس ساری مشق کا مقصد ادارے کو تباہی کی اس منزل پر پہنچانا ہے جہاں پر اس کے نجکاری کی راہ ہموار ہوتی ہیں،ایک طرف ریٹائرڈ ملازمین پینشن کے حصول کے لیے ائے روز ہیڈ کوارٹر میں در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں تو دوسری طرف حق حلال طریقے سے ڈیوٹی دینے والے حاضر سروس ملازمین تنخواہوں سے بھی محروم ہیں،بینکوں میں ادارے کا پیسہ رکھ کر اس کے اوپر سود کھانا انتظامیہ کے سرکردہ اور با اثر افسران کے لیے اب کوئی بڑی بات نہیں،پی ٹی وی سپورٹس کا کنٹریکٹ کبھی جیو، کبھی اے آر وائی اور اب ہم ٹی وی کو دے کر پی ٹی وی کے کرتا دھرتا اس قومی ادارے کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں، مزے کی بات یہ ہے کہ یہ ساری عیاشی ملازمین کے پیسوں کو جمع کر کے کی جاتی ہے،پاکستان ٹیلی ویژن کے ریٹائرڈ اور حاضر ملازمین نے ادارے کی تباہ حالی کی ذمہ داری موجودہ انتظامیہ اور ڈائریکٹر ایڈمن پر ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں کو فوری ریلیز کیا جائے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کو دو سال سے دھکے کھانے کے باوجود پینشن نہ دیے جانے کا بھی نوٹس لیا جائے اور ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن اکاؤنٹ سے خرچ کی گئی رقم کا حساب کر کے اس کرپٹ اور نااہل انتظامیہ کو نشان عبرت بنایا جائے۔