وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین پر ملازمت کے علاوہ بھی کئی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ سب سے اہم ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو عوام کا حقیقی خادم سمجھیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ملازمت کے دوران ٹریننگ کا بڑا مقصد یہی ہے کہ افسران جدید ترین مہارتوں سے آراستہ ہو کر اپنے فرائض منصبی مزید بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔ وہ آج پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اکیڈمی لاہور میں اسسٹنٹ کمشنرز کی خصوصی ٹریننگ کی پاسنگ آؤٹ پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری ایپکس کمیٹی جہاں زیب خان ، ڈائریکٹر جنرل اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ اور دیگر اعلی وفاقی افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے تربیت حاصل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ان حالات میں سول سروس کا کردار مزید اہم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی کا نفاذ بہت ضروری ہے۔ سول افسران خدمات کا وہ اعلی معیار اپنائیں کہ جہاں بھی جائیں لوگ انہیں یاد رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بے حد ضروری ہے لہذا تربیت پانے والے افسران اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کے لیے مرکزی اہمیت دیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سلیٹ سے جی فائو ٹیبلٹ تک پہنچ گئے ہیں۔ اگر ہم صحیح معنوں میں ملک کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی قوم کو اور آنے والی نسلوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ان چیلنجوں کا مقابلہ کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انتظامی و معاشی میدانوں میں جاپان، ملائشیا، جنوبی کوریا جیسے ممالک کے ماڈلز سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں انعامات تقسیم کیے جبکہ ڈی جی پا س اکیڈمی نے وفاقی وزیر کو سوونئیر پیش کیا گیا