راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ نیو ٹاون سمیت 7 مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کےجج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ۔جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرتھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے بانی پی ٹی آئی کوعدالت میں پیش کیا ۔ دلائل مکمل ہونے پرعدالت نے بانی پی ٹی آئی کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا ۔انسداد دہشتگردی عدالت نے پانچ اکتوبراور28 ستمبرکے مزید 6 مقدمات میں بھی بانی پی ٹی آئی کو جوڈیشل ریمانڈ پربھجوا دیا۔
انسداد دہشت گردی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیوگیٹ حملہ کیس کی سماعت کی ۔پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی جانب سے 23 اے ٹی اے کی درخواست دائرکی گئی ۔ موقف اپنایا گیا کہ مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں،مقدمہ متعلقہ عدالت کو بھجوایاجائے۔ وکلاء صفائی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت منگل کو انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوگی۔