ریاست کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث افراد کے گرد گھیراتنگ کردیا گیا۔ پروپیگنڈہ کرنے والوں کی شناخت کے لیے چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں 10 رکنی ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔
جوائنٹ ٹاسک فورس حالیہ احتجاج کے پیش نظر پروپیگینڈہ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرے گی اور 10روز میں اپنی سفارشات مرتب کرکے حکومت کو پیش کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کے احکامات کے تحت جوائنٹ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہیں۔ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر ریاست پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف گمراہ کن پروپگینڈا جاری ہے۔ کچھ شرپسند عناصر سیکیورٹی فورسز کے حوالے سے گمراہ کن پروپگینڈہ کر رہے ہیں ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پروپیگنڈے کا مقصد اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔