شہدائے جموں نے اپنے خون سے جذبہ حریت کو اجاگر کیا ہے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید

برسلز: شہدائے جموں نے اپنے خون سے جذبہ حریت کو اجاگر کیا ہے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید
برسلز:
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے شہدائے جموں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قربانی کی عظیم مثال قائم کی اور پورے خطہ جموں و کشمیر میں جذبہ حریت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
یورپی ہیڈکوارٹر برسلز میں کونسل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شہدائے جموں کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ ہم شہدائے جموں کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے اپنی جانیں پیش کرکے جموں و کشمیرکے لوگوں کی ہمت و حوصلے کو مزید مضبوط کیا۔
اجلاس میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کے علاوہ، جن دیگر شخصیات نے گفتگو کی، ان میں چوہدری خالد جوشی، راؤ مستجاب احمد اور سردار صدیق قابل ذکر ہیں۔
مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان مظالم کو روکنے، تمام کشمیری اسیروں کی رہائی اور جموں و کشمیر سے بھارتی فوجوں کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔
علی رضا سید نے کہاکہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ۶ نومبر ۱۹۴۷ء کو جموں کے شہداء سے لے کر ابتک تمام شہدائے خطہ جموں و کشمیر نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ۱۹۴۷ء سے آج تک کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تاریخ جذبہ ایثار اور عظیم قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور مقبوضہ کشمیرکے لوگ آج تک آزادی کے عظیم مقصد کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ اگرچہ بھارت کے انسانیت سوز مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں لیکن یہ مظالم غیور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز کم نہیں کرسکتے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ لاکھوں شہدا کے خون سے لکھی گئی ہے اور ہم شہدا کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے انسانیت سوز مظالم کو عالمی فورموں پر اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے انتہائی بے دردی سے کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے لیکن اس ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دنیا کی خاموشی حیران کن ہے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہم بھارت کے اس ظالمانہ رویے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو انصاف ملنے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ہم عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیرصورتحال کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

Email: [email protected] Address: Kashmir Council EU, Brussels, Belgium.