طالبہ سے مبینہ زیادتی؛ احتجاج کرنے والے 24 طلبہ گرفتار، 250 کیخلاف مقدمہ

طالبہ سے مبینہ زیادتی؛ احتجاج کرنے والے 24 طلبہ گرفتار، 250 کیخلاف مقدمہ

لاہور میں نجی کالج کی لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے خلاف احتجاج کرنے والے 24 طلبہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 250 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ تھانہ ہربنس پورہ میں سب انسپکٹر عثمان اکبر کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں 324، 353، 291، 186، 290، 436، 147، 149 اور 382 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر متن کے مطابق نجی کالج کے طلبہ اور شرپسند عناصر نے توڑ پھوڑ کی، شرپسند عناصر نے پیٹرول بموں سے پولیس پر حملے کیے اور پیٹرول بم پولیس اسٹیشن کی پارکنگ میں پھینکے گئے جس کے نتیجے میں چھ ملازمین کی موٹر سائیکلیں جل گئیں۔

ایس پی کے مطابق پولیس کی بھاری نفری شہر کے مختلف کیمپس کے باہر موجود ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل نجی کالج میں لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد طلباء کی جانب سے نجی کالج کے مختلف کیمپسز کے باہر شدید احتجاج کیا جبکہ اس دوران املاک کو نقصان بھی پہنچا۔