اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ۶ اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکا نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ۶ اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل زاہد بشیر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل زاہد بشیر نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کونسل لاہور میں دیگر کیسز میں مصروف ہیں، سلمان صفدر آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے لہذا عدالت سماعت ملتوی کر دے۔