راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ

راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ پاکستان نے دوسری اننگز  میں 2 وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنائے ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کےکھیل کے اختتام پر پاکستان کو  بنگلادیش پر 22 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی ہے۔ عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے، اوپنر صائم ایوب 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل بنگلادیش کی ٹیم  پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ  ہوئی تھی۔ تیسرے دن کا  آغاز  بنگلادیشی ٹیم نے  پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 10 رنز سے کیا، لیکن دن کے آغاز پر ہی خرم شہزاد نے ذاکر حسین کو ایک رن پر آؤٹ کیا جن کا کیچ اسپنر ابرار  احمد نے کیا۔پھر خرم نے اوپنر شادمان اسلام اور نجم الحسین شنتو کو بالترتیب دس اور چار رنز پر پویلین لوٹایا، اور شکیب الحسن بھی دو رنز پر شہزاد کا شکار بنے۔پاکستان کو چوتھی کامیابی میر حمزہ نے مومن الحق کو ایک رن پر آؤٹ کرکے دلوائی جب کہ مشفق الرحیم کو بھی میر حمزہ نے تین رنز پر آؤٹ کیا۔بعدازاں خرم شہزاد نے مہدی حسن اور تسکین احمد کو پویلین لوٹایا۔

لٹن داس 138 رنز پر سلمان آغا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو پہلی اننگز میں بنگلادیش پر 12 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 6 وکٹیں حاصل کیں، میرحمزہ اور سلمان آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔