خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کا 10واں اجلاس
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا 10 واں اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔جس میں مختلف اقدامات اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے کی۔ اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزارتوں نے ایس آئی ایف سی (SIFC)کے پلیٹ فارم کے ذریعے چلائے جانے والے مختلف منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر جامع پیشرفت اور مستقبل میں طے شدہ اہداف کو پورا کرنے کے منصوبے پیش کئے۔
ایپیکس کمیٹی نے اب تک کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور طے شدہ اہداف کے حصول میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کے کردار کو سراہا۔
کمیٹی نے ملک کے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے کے لیے ایس آئی ایف سی SIFC کے پلیٹ فارم سے فراہم کی جانے والی سہولت کو سراہا۔ کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ جاری اقتصادی تعاون پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا، بین الحکومتی اور بزنس ٹو بزنس فریم ورک کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری میں حالیہ اضافے کو سراہا، اور اس حوالے سے ایک موثر فالو اپ میکانزم کے لیے ہدایات دیں۔
کمیٹی نے ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs) کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور جاری عمل پر اطمینان کا اظہار کیا. کمیٹی نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر نجکاری کے مختلف سنگ میلوں کو بروقت پورا کرنے پر زور دیا۔
کمیٹی نے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پائیدار پالیسی اقدامات کے ذریعے اسے مزید سازگار بنانے کی ہدایات دیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے ملک کی معاشی خوشحالی اور عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود کے لیے حکومتی اقدامات کے حوالے سے پاک فوج کے پختہ عزم کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں، وزیراعظم نے سرمایہ کاری اور نجکاری کی مہم کو احسن طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے ایس آئی ایف سی SIFC اور اس سے منسلک اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ‘ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ‘ کے تحت مختلف اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھانے اور ملک کے معاشی استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی ہدایات دیں۔