خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں ،13 خارجی دہشت گرد جہنم واصل، میجر محمد اویس شہید

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 13 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کردئیے گئے۔بہادری سے لڑتے ہوئے میجر محمد اویس نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 3 مختلف مقامات پر خارجی دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں کیں۔ بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ۔ اس آپریشن میں خوارج کے ٹھکانے کے خلاف موثر کاروائی کی گئی جس میں 2 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کردئیے گئے۔ شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس میں 5 خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہو گئے۔نارووال سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ میجر محمد اویس شہید جرات و بہادری کا پیکر تھے جو اپنے دستوں کی صف اول سے قیادت کررہے تھے۔ شہید نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اورجان کا عظیم نظرانہ پیش کر کے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تیسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی، اس میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے، تینوں علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔