فائیو جی آکشن کا کام بھی اسی ماہ مکمل ہو جائے گا

ایس آئی ایف سی نے ون ونڈو سہولت کاری کا حق ادا کرتے ہوئے حل طلب مسائل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے باہمی مشاورت اور شفافیت کے ساتھ نتائج حاصل کئے ہیں،حکومت نے ایس آئی ایف سی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت آئی ٹی اورٹیلی کام اور پیپرا کو پروکیورمنٹ اور دیگر حکومتی عوامل کی ڈیجٹلائزیشن میں تیزی اوربہتری لانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں ،کلاؤڈ سروسز پروکیورمنٹ فریم ورک کے استعمال سے حکومتی ادارے تمام تر پروکیورمنٹس کو عمل میں لائیں گے

ایم ڈی پیپرا کو احکامات دے دیئے گئے ہیں کہ اس نظام کی منظوری کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور تمام صوبے بھی اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ،فائیو جی آکشن کا کام بھی اسی ماہ مکمل ہو جائے گا جس کیلئے لاء ڈویژن کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ فائیوجی سے متعلق اسلام آباد اور سندھ ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمات پر فعال طور پر کام کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کیا جائے

پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی امور نے 235 ملین روپے کی منظوری دیدی ہے اور اس کا تفویض کردہ اکاؤنٹ کھول دیا گیا ہے،اسی طرح وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی امور نے ای۔ روزگار پروگرام کیلئے 229 ملین روپے منظور کرکے تفویض شدہ اکاؤنٹ کھول دیا ہے،یہ چند اقدامات گزشتہ ایک سال میں ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے اٹھائے گئے چند انیشیٹوز میں سے ایک ہیں جو کہ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار تھے