یوم پاکستان کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی
ملک بھر میں یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز ہوتے ہی پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا جبکہ پاک فوج کی جانب سے لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے توپوں کی سلامی دی۔
توپوں کی سلامی دینے کی تقریب میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جوانوں اور افسران کی جانب سے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔