امریکا نے ایران کی مزید35کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں

امریکا نے ایران سے تعلق رکھنے والی مزید 35 کمپنیوں پر پابندی کا اعلان کردیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے ایران غیرقانونی طور پر تیل فروخت کرکے پیسہ جوہری پروگرام، میزائل اور ڈرونز کی تیاری پر لگا رہا ہے جس وجہ سے پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کی تجویز پر میری ٹائم انڈسٹری کے لیے مختلف ممالک سے آپریٹ کرنے والی شیڈو ایرانی کمپنیوں پر پابندی سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔

دوسری جانب نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پیٹل نے پریس بریفنگ میں الزام عائد کیا کہ ایران دہشت گردی کو پروان چڑھا رہا ہے۔ ایران شام میں اپنی تخریبی سرگرمیاں بند کرے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ نرگس محمدی کی ایران میں عارضی رہائی سے آگاہ ہیں ہم ایران سے ان کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ نرگس محمدی کو طبی بنیادوں پر 2 دن کے لیے رہا کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نرگس محمدی کو 2021 میں حجاب کی پابندی کے خلاف آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔